لاہور ہائیکورٹ نے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے لیے 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے بینچ 11 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔
لاہور ہائیکور ٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں نیا بینچ تشکیل دیا گیا ہے جس میں جسٹس شاہد جمیل اور جسٹس عبادالرحمان لودھی شامل ہیں۔ اس سے قبل جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس فرخ عرفان نے درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی تھی جس سے 3 رکنی بینچ دو بار ٹوٹ گیا تھا۔ این 120 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر نے بیگم کلثوم نواز کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے اقامہ اور دیگر اثاثوں سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریٹرنگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کیے لہٰذا عدالت کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی نامنظور کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے احکامات کالعدم قرار دے۔