کولمبو : ایک سو تہتر رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا دونوں اوپنرز تیسرے اوور میں سولہ کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔
احمد شہزاد سات رنز بنا کر بینورا فرنینڈو کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ مختار احمد دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور سات رنز بنا کر فرنینڈو کی گیند پر ہی کیچ آوٹ ہوئے۔ حفیظ گیارہ اور عمر اکمل چار رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے۔
ثانیہ کی گراؤنڈ میں موجودگی کے باوجود شعیب ملک کا بلا رنز اگلنے میں ناکام رہا اور صرف 8 رنز بنا سکے اور پویلین جا بیھٹے۔ شاہد آفریدی نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
انور علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستانی ٹیم کی امیدوں کو پھر سے زندہ کر دیا اور پھر عماد وسیم نے چھکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔
عماد وسیم دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کرنے سے پاکستانی ٹیم آئی سی سی کی عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں سے تیسرے نمبر پر آ گئی ہے اور ساتھ ہی تینوں فارمیٹس کی سیریز کو اپنے نام کر لیا۔