شیخوپورہ(بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی خصوصی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد، منشیات فروشوں، رسہ گیروں اور خطرناک اشتہاریوں کے خلاف چلائے جانے والی خصوصی مہم کے دوران شیخوپورہ پولیس نے چھاپے مار کر 40سے زائد بدنام زمانہ منشیات فروشوں اور اشتہاریوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔یہ بات ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز خان ورک نے ایڈیشنل ایس پی خلیل احمد ، ایس پی انویسٹی گیشن نجیب اللہ پندرانی ،ڈی ایس پی سٹی راجہ فخر بشیر ،ایس ایچ اوز رانا محمد اقبال، محمد بشارت گجر ، محمد لطیف گجراور عمر شیراز، انسپکٹر شاہد ظفر اور پی آر او واجد عباس کے ہمراہ میڈیا کو بتائی۔ ڈی پی او نے کہا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان شہباز کھرل ،روف ڈوگر ، وقار، شہادت ساہی،صنوبر خان، نزاکت سنگرانہ، فیاض عرف فوجو، ظفر عرف ظفری اور علی رضا وغیرہ شامل ہیں نے ڈکیتیوں ، چوریوں اور منشیات فروشی میں ات مچا رکھی تھی۔جس پر ایس ایچ او تھانہ ہاوسنگ کالونی عمر شیراز گھمن، ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا افتخار وریا کو ان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا گیا۔جنہوں نے ان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات ، پسٹل ، رائفلیں،گولیاں وکارتوس اور موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔سرفراز خان ورک نے کہا کہ لوگوں کی جان ومال کے تحفظ، ضلع میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے تمام مسائل بروے کار لائے جائیں گے اورملزمان کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر قانونی کاروائی ہوگی۔ ڈی پی او شیخوپورہ نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنے آفس کے لان میں شکایات سیل قائم کر دیا گیا ہے تاکہ لوگوں کے مسائل حل کر کے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔ شکایت سیل میں 12بجے سے 02بجے دن تک باعزت طریقے سے لوگ میر ے ساتھ ملاقات کر کے اپنی شکایات بتا سکتے ہیں۔