زیورخ: ہسپانوی فٹبال کلب رئیل میڈرڈ کے پرتگالی فٹبالر کرسٹینا رونالڈو نے چوتھی بار بہترین فٹبالر کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق منفرد اسٹائل کے ذریعے فٹبال شائقین کو متوجہ کرنے والے معروف فٹبالر کرسٹینا رونالڈو نے چوتھی بار بیلن ڈی اور ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ رونالڈو نے سخت مقابلے کے بعد اپنے روایتی حریف ارجنٹینا کے لیونل میسی کو مات دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے، لیونل میسی بیلن ڈی اور ایوارڈ 5 بار جیت چکے ہیں اور گزشتہ برس بھی یہ اعزاز ان کے نام ہی رہا تھا تاہم اس بار بیلن اور ایوارڈ کے لئے دنیا بھر کے 173 صحافیوں نے 31 سالہ پرتگالی کھلاڑی رونالڈو کو اس ایوارڈ کا حق دار قرار دیا۔کرسٹینا رونالڈو نے گزشتہ سیزن کے چیمپئنز لیگ میں اپنے کلب ریئل میڈرڈ کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اپنے ملک پرتگال کی یورو 2016 کی فتح میں بھی 3 گول کرکے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد فٹبالر کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ میں 4 بار گولڈن بار حاصل کرسکوں گا لیکن یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد میں فخر اور بہت خوشی محسوس کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ بیلن ڈی اور ایوارڈ 1956 سے ہر سال دیا جاتا رہا ہے لیکن گزشتہ 6 برسوں سے اس کا اشتراک فیفا کے ساتھ تھا اور2009 میں اس ایوارڈ کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے لے کر اب تک ارجنٹینا کے لیونل میسی اور پرتگال کےرونالڈو کے علاوہ کوئی بھی دنیا کا تیسرا کھلاڑی یہ ایوارڈ حاصل نہیں کرسکا۔ کرسٹینا رونالڈو یہ ایوارڈ 2008، 2013 ، 2014 اور 2016 میں اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔