قومی شاہراہ بلاک ہونے کی وجہ سے راستہ نہ ملا تو دلہے کو دلہن کے بغیر ہی گھر لوٹنا پڑا
کوئٹہ (یس اُردو) کوئٹہ میں ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال کے باعث قومی شاہراہ بلاک ہو گئی ، کوئٹہ سے چمن جانے والا دلہا نکاح کا وقت نکل جانے پر پریشان ہوا تو دوست ڈھول کی تھاپ پر رقص کر کے بہلاتے رہے ، تمام حربے ناکام ہوئے تو راستہ نہ ملنے پر دلہا کو دلہنیا لئے بغیر واپس گھر جانا پڑا ۔ڈھول بجا تو ایسا لگا جیسے ویرانے میں چپکے سے بہار آ گئی ہو ۔ کوئٹہ سے چمن جانے والی بارات پہیہ جام ہونے کے باعث کچلاک روڈ پر پھنس گئی ۔دلہا نکاح کا وقت نکلنے پر پریشان ہوا تو باراتیوں نےڈھول کی تھاپ پر رقص کر کے دلہا کو بہلانا شروع کر دیا ۔دلہا کے دوست ہم تم ہوں گے بادل ہو گا ، رقص میں سارا جنگل ہو گا ، ناچ ناچ نہال ہوتے رہے ۔دلہا کا ایک منچلا دوست ڈھول کی تھاپ پر دراز زلفوں کو گھما کر دوستی کا دم بھرتا رہا ۔ سارے حربے ناکام رہے ، راستہ نہ ملا تو دلہا کو دلہنیا لئے بغیر واپس گھر جانا پڑا ۔قومی شاہراہ بند ہونے کے باعث کوئٹہ سے قلعہ سیف اللہ جانے والا ماروی میمن کا قافلہ بھی آدھے گھنٹے تک کچلاک میں پھنسا رہا ۔