نارتھ کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 7 دہشت گرد گرفتار کر لیئے۔ شہر کے دیگر علاقوں سے پولیس اور رینجرز نے کارراوئیوں کے دوران 14 ملزمان کو حراست میں لیا ہے۔
انچارچ سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 5 میں کالعدم تنظیم کی پناہ گاہ کی موجودگی کی اطلاع پر تارگٹڈ کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم 7 دہشت گردوں کو قابو کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ انچارچ سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری سنگولین میں سرچ آپریشن کے دوران ملزمان سے مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کا ملزم مارا گیا جس کی شناخت یونس بلوچ کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔
لیاری ہی کے علاقے بغدادی میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ڈیفنس میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان گرفتار کر لیئے۔ کینٹ اسٹیشن کے اطراف میں واقع ہوٹلوٕں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیاہے جنہیں تھانے منتقل کر دیا گیا