سماجی و ثقافتی تنظیمانڈین ایسو سی ایشن آف بہار اینڈ جھارکھنڈ (IABJ) ملحقہ انڈین کلچرل سنٹر قطر کی جانب سے جشنِ یومِ بہار کے موقع پر عالمی مشاعرے کا انعقاد ٧/ اپریل ٢٠١٦ ئ بروز جمعرات کو ریڈیسن بلو ہوٹل کے جیوانا ہال میں ہوا۔ IABJ نے اس موقع پر ادبی خدمات کے اعتراف میں معروف شاعر جناب نعمان شوق اور جناب ایم آر چشتی کو شاد عظیم آبادی اور رام دھاری سنگھ دنکر ایوارڈ پیش کیا جس میں شیلڈ کے علاوہ اکیس ہزار روپئے نقد بھی پیش کیے گئے۔ IABJ نے یہ طے کیا ہے کہ ہر سال سرزمینِ بہار سے وابستہ کم از کم دو شعراء کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔
جناب نعمان شوق کا ادبی اور تخلیقی سفر گزشتہ ٣٥ برسوں سے جاری ہے۔آپ کی پیدائش ٢ جولائی ١٩٦٥ء کو آرا ، بہارمیں ہوئی اور فی الحال دہلی کے نواحی شہر نویڈا میں مقیم ہیں۔ اردو اور ہندی میں آپ کے پانچ مجموعہ کلام شائع ہو چکے ہیں جن میں اجنبی ساعتوں کے درمیان، جلتا شکارا ڈھونڈنے میں، فریزر میں رکھی شام اور اپنے کہے کنارے شامل ہیں ۔ کئی ادبی اداروں اور رسالوں سے آپ کی فعال وابستگی ہے۔ آپ آل انڈیا ریڈیو دہلی سے بھی وابستہ ہیں اور سینئر براڈکاسٹر ہیں۔ معروف ادبی ویب سائٹ ریختہ میں بھی آپ کی خدمات بہت نمایاں اور قابل قدر ہیں۔آپ کے کلام کا ترجمہ دیگر زبانوں میں بھی ہوا ہے۔ IABJ نے آپ کی خدمت میں شاد عظیم آبادی ایوارڈ پیش کیا۔ شاد عظیم آبادی کا شمار اردو کے اہم ترین شعراء میں ہوتا ہے جن کا نام اہلِ اردو کے لیے محتاج تعارف نہیں ۔
جناب ایم آر چشتی سرزمین بہار سے وابستہ نو جوان شاعر ہیں جنھوں نے بہار کا دعائیہ ترانہ تخلیق کیا ہے۔ آپ کی پیدائش ٥ مئی ١٩٨٠ء کو سیتا مڑھی ، بہار میں ہوئی ۔ آپ کے تین مجموعہ کلام انتظار، آہٹ اور آداب اور افسانوں کا مجموعہ اجنبی راستے شائع ہو چکے ہیں۔اردو اور ہندی کے کئی ایوارڈ آپ حاصل کر چکے ہیں۔ آپ کئی ادبی تنظیموں اور رسالوں سے بھی وابستہ ہیں۔ IABJ نے آپ کی خدمت میں رام دھاری سنگھ دنکر ایوارڈ پیش کیا۔ رام دھاری سنگھ دنکر بہار کی مٹی سے وابستہ ہندی زبان کے عظیم شاعر گزرے ہیں۔ جن کا شمار ہندی شاعری میں کبیر داس اور رحیم خان خاناں کے بعد سب بڑے شاعر کے طور پر ہوتا ہے۔
مذکورہ بالا دونوں ایوارڈ مہمانِ خصوصی جناب دینش یودینیا، معتمدِ اول سفارت خانہ ہند اور مہمانِ اعزازی جناب خالد غامدی ، چیئرمین الوماسا گروپ نے پیش کیے۔ اس موقع پر IABJ کے سرپرست اعلیٰ اور چیف آرگنازر جناب سید شکیب ایاز، مشاعرہ کوارڈنیٹرس جناب سجاد عالم ، جناب افتخار راغب اور جناب غفران محمد بھی موجود تھے۔ IABJ کی مجلس عاملہ کے اراکین اور دیگر ممبران نے پروگرام کے انعقاد میں جی جان سے محنت کی۔ سرپرست کمیٹی کے اراکین اور کئی ادب نواز اسپانسرس اور معاوین کے مالی تعاون سے یہ تقریب منعقد ہو سکی جس کے لیے IABJ ہر ایک کی شکر گزار ہے۔
جشنِ یومِ بہار کے موقع پر پہلی بار IABJ کی جانب سے عالمی مشاعرے کا انعقاد ہوا جس کی صدارت معروف شاعر جناب اقبال اشہر نے فرمائی۔ مشاعرے میں ہندوستان اور قطر کے کئی معروف و نامور شعراے کرام شریک ہوئے جن میں جناب اقبال اشہر ، نعمان شوق اور ایم آر چشتی کے علاوہ جناب عمران پرتاپ گڑھی ، محترمہ نکہت امروہوی ، جناب عثمان مینائی ، جناب شعلہ ٹانڈوی، جناب ندیم فرخ، محترمہ چاندنی شبنم، جناب جلیل نظامی، جناب افتخار راغب، جناب مقصود انور مقصود اور جناب وزیر احمد وزیر کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ مشاعرے کی تفصیلی رپورت جلد کی شائع کی جائے گی۔