پرتھ: آسٹریلیا میں شوقیہ سائیکل چلانے والوں نے ایک ٹریکنگ ایپ کے ذریعے ان راستوں پر سفر کیا جس سے مشترکہ طور پر ایک بکری کی تصویر بن گئی۔
بین جونز اور ان کے دوستوں نے اس ڈرائنگ کے لیے 126 میل یعنی 2002 کلومیٹر سائیکل چلائی ہے اور اس کا راستہ کچھ ایسا اختیار کیا کہ اس کا نقشہ بکری کی آؤٹ لائن جیسا بن گیا۔ اس سائیکلنگ گروپ کا نام ’’فائٹ کلب‘‘ ہے اور انہوں ٹریکنگ ایپ اسٹراوا کے ذریعے یہ کام کیا جس میں کم ازکم 7 گھنٹے صرف ہوئے ہیں۔سائیکلسٹ بین جونز نے بتایا کہ’’پرتھ‘‘ سائیکل چلانے والوں کے لیے ایک پرکشش شہر ہے اور بہت سے لوگ دریا کنارے یا پہاڑیوں پر ہی سائیکل چلاتے ہیں لیکن ہم نے اس عمل کو دلچسپ بنانے کا ارادہ کیا جس سے ایک بکری کے خاکے نے جنم لیا۔ اسٹراوا ایپ کے ذریعے سائیکل چلانے والے جیسے جیسے آگے بڑھتے گئے ان کے نقوش ایک رنگین لکیر کی طرح نمایاں ہوتے گئے اور یوں بکری کا مکمل خاکہ بن گیا۔ تمام سائیکل چلانے والوں نے اس راستے پر ایسے ہی رنگ بھرے جس طرح بچے مل کر ایک بڑی تصویر کو رنگین بناتے ہیں۔ بین جونز کے مطابق سائیکلنگ گروپ نے پہلے ہی راستے کا انتخاب کیا تاکہ آسانی سے نقشے پر چلا جاسکے اور ایک بامعنی صورت بنائی جاسکے۔ جونز نے بتایا کہ بکری ایک پیارا جانور ہے جس کا خاکہ ایپ کے ذریعے بنانا بہت آسان ہوتا ہے۔ بکری کے نقشے کو دیکھیے تو اس کی ٹھوڑی کے بال کا علاقہ لیڈرویلے ہے جہاں سے ریس کا آغاز ہوا جب کہ سر کا حصہ اوسبورن پارک ہے اور سینگ میرابوکا علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اب اس گروپ نے سائیکل ایپ کے ذریعے مزید جانور کی تصاویر بنانے کی منصوبہ بندی کی ہے جن میں آسٹریلیا کے مشہور جانور کوکا ( ایک خوبصورت خرگوش نما چوہا) اورچیونٹی خور جانور نمبٹ شامل ہے۔