لندن: قبض کو کئی بیماریوں کی جڑ کہا جاتا ہے اور بسا اوقات کئی افراد میں قبض اتنا شدید ہوتا ہے کہ وہ لاکھ علاج کے باوجود پیچھا نہیں چھوڑتا۔
تاہم مختلف افراد میں بیت الخلا جانے کی کیفیت مختلف ہوسکتی ہے لیکن جب جب آپ کے معمول متاثر ہوں اور لاکھ کوشش کے باوجود بھی رفع حاجت میں تکلیف ہو تو یہ کیفیت قبض کو جنم دیتی ہے۔ ذیل میں بعض عادات اور غذائی معمولات بتائے جارہے ہیں جنہیں اپنانے سے قبض کی شکایت دور کی جاسکتی ہے۔
ورزش یا چہل قدمی
یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ورزش پورے جسمانی نظام اور ہاضمے پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔ تیز قدموں سےچہل قدمی اور دیگر ورزشیں آنتوں اور معدے کی حرکات میں مدد دیتی ہے ۔ اس عمل سے جسم سے فاصد مواد خارج کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔
پرسکون رہیں
رفع حاجت کے وقت پرسکون رہیں اور اعصاب کو مزید متاثر نہ کیجئے۔ پاکستان اور ہندوستان میں رفع حاجت کے وقت جس انداز میں بیٹھا جاتا ہے اسے اسکواٹنگ کہتے ہیں۔ بیت الخلا میں اس طرح بیٹھنے کا عمل بھی قبض دور کرتا ہے کیونکہ اس طرح بیٹھنے سے آنتوں اور معدے پر خاص دباؤ بڑھتا ہے جس سے رفع حاجت میں مدد ملتی ہے۔
سوکھے بیر
سوکھے بیر اور بیریاں فائبر (ریشوں) سے بھرپور ہوتی ہیں ۔ یہ نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناکرغذا کو حرکت دینے اور فضلے کو جسم سے باہر کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
سنامکی
سنا مکی کا شمار ان اہم پودوں میں ہوتا ہے جو قبض ختم کرنے میں اہم ثابت ہوا ہے۔ یہ عام پنساری کی دکان پر بھی مل جاتی ہے۔ اس کے دیگر بے شمار فوائد ہیں جن میں چربی گھلانے اور جسم کو زہریلے مادوں سے صاف کرنا شامل ہیں۔ اسے عموماً رات کو استعمال کیا جاتا ہے اور صبح تک رفع حاجت میں آسانی ہوجاتی ہے۔ سنا مکی کو انگریزی میں Senna کہا جاتا ہے۔
کیوی پھل
دیکھنے میں چیکو جیسا مگر ذائقے میں کھٹا میٹھا کیوی پھل اب پاکستان میں بھی عام دستیاب ہے۔ اس میں قدرتی طور پر ایسے کئی اجزا اور فائبر موجود ہیں جو ہاضمے میں مدد دیتے ہیں۔ اسی لیے کوشش کیجئے کہ دو تین دن کیوی پھل کی زیادہ مقدار کھائیں ۔ اس سے ضرور افاقہ ہوگا۔
کافی
بعض تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ کافی پینے سے آنتوں اور معدے میں خاص حرکت پیدا ہوتی ہے۔ 2006ء میں شائع کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر خواتین باقاعدگی سے کافی پیئیں تو اس سے ان میں قبض کی کیفیت پیدا نہیں ہوتی تاہم اب تک معلوم نہیں ہوسکا کہ کافی میں ایسے کونسے اجزا ہوتے ہیں جو قبض کشا ہوتے ہیں۔
السی کے بیج
اگر آپ صرف چارملی لیٹر السی کے بیجوں کا تیل روزانہ استعمال کریں تو اس سے قبض دور ہوسکتا ہے۔ السی کےبیج اور اس کا تیل اب پاکستان میں عام دستیاب ہے جسے انگریزی میں فلیکس سیڈ کہا جاتا ہے۔
پانی کی مقدار میں اضافہ
اگر آپ قبض کے شکار ہیں تو خود دیکھئے کہ کہیں آپ معمول سے کم پانی تو نہیں پی رہے؟ اسی لیے ضروری ہے کہ پانی کی وافر مقدار کو روزانہ کا معمول بنالیا جائے۔