کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کیلیے ساؤتھ افریقہ میں مقیم پاکستانی تاجر و صنعتکاروں نے بھی ڈیم بناؤ فنڈ ریزنگ مہم شروع کردی ہے، پاکستان ساؤتھ افریقہ بزنس فورم کے سربراہ رفیق میمن نے نجی ٹی وی نیوز چینل کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار
کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ڈیم فنڈ میں عطیات دینے کی اپیل پراب تک 10لاکھ ڈالر جمع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ ابتدائی طور پر فنڈ کیلیے 1لاکھ ڈالر جمع کر لیے گئے ہیں جنہیں حکومت پاکستان کو ارسال کر دیا جائیگا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے ڈیمز فنڈز میں 18 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جمع ہو گئی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے پاکستان کے مہمند ڈیم اور بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے ڈیمز فنڈز اکاؤنٹ میں پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے اکاؤنٹ میں 18 کروڑ 59 لاکھ 63 ہزار 538 روپے کی رقم جمع ہو چکی ہے اور اس میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، رقم جمع کرانے کے لیے بیرون ملک پاکستانی بھی پورے جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈز قائم کرنے کے بعد اپنی ذاتی جیب سے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا، میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر شخصیات نے بھی فنڈز جمع کرانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کوئٹہ کے نو سالہ علی شیر نے تو بازی ہی مار لی اور اپنی سائیکل اور کھلونوں کے لیے جمع کیے گئے دس ہزار روپے فنڈز میں جمع کرا دیے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کیا گیا فنڈز کسی کو کھانے نہیں دیں گے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے پاکستانی عوام ملک بھر کی 16 ہزار بینک برانچوں میں اپنے عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔ ڈیمز کی تعمیر کے لیے بینک ملازمین نے اپنی ایک روز جب کہ فوجی افسران نے تین روز اور اہلکاروں نے ایک روز کی تنخواہ جمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔