لاہور: پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے دانش اسکولز کا پی سی ون اب تک تیار نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
پی سی سی ٹو کا اجلاس قائم مقام چیئرمین میاں طارق محمود کی زیر صدارت ہوا، جس میں محکمہ اسکولز کے متعلق آڈٹ پیراز پرغور کیاگیا، کمیٹی نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ 2015 میں پی اے سی نے ہدایت دی تھی کہ دانش اسکولز کے معاملات کو ریگولرائز کیاجائے لیکن ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ سیکریٹری اسکولز نے بتایا تھا حکومت نے دانش اسکولز کو جلد ی مکمل کرنے کے لیے پی سی ون تیار نہیں کیے تھے۔ اس پر کمیٹی نے ایکشن لیتے ہوئے سیکریٹری اسکولز اللہ بخش ملک سے کہاکہ وہ تمام قانونی تقاضے پورے کرکے ایک ماہ کے اندر رپورٹ کریں، سیکریٹری اسکولز نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندرتمام قانونی تقاضے پورے کرکے کمیٹی کو رپورٹ کریں گے۔