کروڑوں کی گاڑیوں میں آکر جعلی حلف نامے جمع کرانے والے آج غائب ہیں ، عمران خان حکم امتناعی کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں :رہنما ن لیگ
اسلام آباد (یس اُردو) دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف فنڈز خورد برد کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے ، پی ٹی آئی ہمیشہ حکم امتناع کے پیچھے چھپتی ہے ، کینسر کے مریضوں کیلئے چندے کا پیسہ بیرونی سرمایہ کاری میں ضائع کرنے والے اب دبئی سے سرمایہ واپس لائیں ۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ کروڑوں کی گاڑیوں میں آ کر جعلی حلف نامے جمع کروانے والے آج غائب ہیں ۔ الیکشن کمیشن میں غیرملکی فنڈنگ کا کیس موجود ہے ، عمران خان حکم امتناع کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے میں لوگوں کو ٹیکس نہ دینے کی ترغیب دی گئی ، بجلی کے بل جلائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی بیگم اور بیٹی کی جائیداد سے متعلق حقائق توڑ مروڑ کر پیش کیے گئے ۔ ہمارے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے ۔ شوکت خانم کے فنڈز بیرون ملک سرمایہ کاری میں ضائع کیے گئے ۔ تحریک انصاف غیر ملکی فنڈنگ کا حساب دے ۔ عمران خان جان لیں حیلے بہانوں سے کام نہیں چلے گا ، وقت آ گیا ہے کہ سچ کو سچ کہا جائے ۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن نے جھوٹے حلف نامے جمع کرانے پر علیم خان کے خلاف کیس کی سماعت اٹھارہ اپریل تک ملتوی کر دی