ڈسکہ میں سستا عمرہ پیکج کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے ہتھیانے کا مرکزی ملزم پکڑا گیا۔ ایف آئی اے کی ٹیم سعودی عرب سے گرفتار کر کے پاکستان لے آئی۔
ڈسکہ: (یس اُردو) بڑے اسکینڈل کا بڑا ملزم ہاتھ آ گیا۔ پولیس کے مطابق نمرہ ٹریول ایجنسی کے مالک نے سستا عمرہ پیکج متعارف کرایا۔ شہریوں سے تیس کروڑ روپے سے زائد جمع کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا۔ اس دھوکہ دہی پر متاثرین نے احتجاج کیا اور ملزم محمد اکرم کے خلاف ڈھائی سو مقدمات درج کرا دیئے۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ نے انٹر پول کی مدد سے گھیرا تنگ کیا اور ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کا کہنا ہے ٹکٹ مہنگا ہونے پر اسے نقصان اٹھانا پڑا۔ جس کی وجہ سے لوگوں کے ویزے نہ لگوا سکا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کی جائیداد اور بینک اکاؤنٹس پہلے ہی بحق سرکار ضبط ہیں۔ تحقیقات کے بعد لوگوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔