اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مکالمے کی پیشکش کو قبول کرتے ہیں۔ شیریں مزرای جس مقام پر بحث کرنا چاہتی ہیں، میں تیار ہوں۔ صرف تاریخ اور وقت بتایا جائے۔
ملک میں جاری توانائی بحران کے بارے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں پیدا کئے حالات کی وجہ سے پاکستان کو بحرانوں کا سامنا ہے۔
ہم بحرانوں سے گھبرانے والے نہیں مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ ہم نے بحرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا۔ پاکستان کی کشتی کو بحرانوں سے نکال کر عافیت کے ساحل تک پہنچائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم اپنے تمام مطالبات میڈیا کے سامنے رکھ چکی ہے مگر لگتا ہے کہ حکومتی ٹیم بے اختیار ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر پرویز رشید کی گفتگو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ حکومتی ٹیم جوڈیشل کمشن کے قیام پر کئی بار اپنی قیادت سے مشورہ کرنے کا بہانا کر چکی ہے۔
پرویز رشید کے پاس خود بھی کوئی اختیار نہیں ہے۔ وہ خود بے اختیار دکھائی دیتے ہیں۔ تحریک انصاف کی مذاکرتی ٹیم کسی بھی وقت حکومت کے ساتھ میڈیا پر مکالمہ کرنے کو تیار ہے۔
چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کو تمام اختیارات دئیے ہیں۔ میڈیا کے سامنے مکالمے سے عوام کو عدالتی کمیشن کے قیام میں حائل رکاوٹوں کا پتہ چلے گا۔