اسلام آباد (یس ڈیسک) تحریک انصاف نے اسد عمر کے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل پر حکومت کو ٹی وی پر براہ راست مذاکرے کی دعوت دے دی ،پرویز رشید کہتے ہیں ہم تیار ہیں ،پی ٹی آئی وقت اور تاریخ بتائے۔ حکومت اور پی ٹی آئی میں انتخابات پر دھاندلی پر ٹھن چکی ہے، عمران خان 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہیں تو حکومت بھی حیلے بہانوں سے باز نہیں آتی ،دونوں طرف کے بڑے آپس میں ملتے رہے، بات چیت کے دور چلے تو بات تحریک انصاف کے دھرنے سے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل تک جا پہنچی،جس پر دونوں فریق متفق ہو گئے ،لیکن اونٹ ہے کہ کسی کروٹ بیٹھتا ہی نہیں ،کبھی اتفاق اورکبھی ڈیڈ لاک کا کھیل جاری رہتا ہے
اب تحریک انصاف کو شاید نئی سوجھی، اسد عمر نے کھلے عام چیلنج دے ڈالا کہ حکومت ٹی وی پر براہ راست مباحثہ کر لے ،تو جواب دینا تو ضروری ہے ،تبھی تو وزیر اطلاعات بولے کہ جب دل چاہے ،آجائیں ،سب انتظام میری ذمہ داری جبکہ شیریں مزاری نے وزیر اطلاعات کو جواب دیا ،بولیں حکومت کے ساتھ کسی بھی وقت مذاکرات کو تیار ہیں، عمران خان نے مذاکراتی ٹیم کو تمام اختیارات دے دیے ہیں، حکومتی مذاکراتی ٹیم تو قیادت سے مشاورت کے بہانے گم ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے تمام مطالبات میڈیا کے سامنے رکھ چکی ہے، میڈیا کے سامنے مکالمے سے عدالتی کمیشن کے حوالے سے تمام ابہام دور ہو جائے گا۔