اسلام آباد( نیوزڈیسک)ویسے تو ہمارے یہاں کھجور کا استعمال عموماً رمضان کے مہینے میں روزہ افطار کرنے کےلیے کیا جاتا ہے لیکن امریکا سے لے کر یورپ تک میں ہونے والی جدید طبی تحقیقات سے کھجور کے نت نئے طبی فوائد سامنے آرہے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر ہم روزانہ صرف مٹھی بھر کھجوریں (5 سے 7 کھجوریں) کھا لیا کریں تو بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اب تک کی طبّی تحقیقات میں کھجور کو 40 مختلف بیماریوں یا طبّی مسائل کے علاج میں براہِ راست یا اہم طور پر مفید پایا گیا ہے جبکہ باقاعدگی سے کھجور کھانے کے طبّی اثرات جسم کے تقریباً ہر حصے پر واضح دیکھے جاچکے ہیں۔ رگوں میں سختی کا علاج؛ کھجورعمر رسیدگی اور بد احتیاطی کے نتیجے میں رگوں کے اندر چکنائی اور دوسرے مضر مادّے جمع ہوجاتے ہیں جو ان میں غیر ضروری سختی کی وجہ بنتے ہیں۔ رگوں کی یہی سختی آگے چل کر دل اور شریانوں کی متعدد بیماریوں کی بنیاد بن جاتی ہے۔ البتہ اسرائیل میں کیے گئے ایک طبّی مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ اگر روزانہ صرف ایک کھجور کھانے کی عادت ڈال لی جائے تو اس سے رگوں میں سختی نہیں ہوتی اور جو لوگ رگیں سخت ہوجانے کی کیفیت میں مبتلا ہوں، انہیں بھی اس سے چھٹکارا مل جاتا ہے۔ اس کا ایک واضح مطلب یہ ہوا کہ روزانہ صرف ایک کھجور کھانے سے آپ دل کی درجنوں بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ کھجور سے ہائی بلڈ پریشر پر کنٹرول:ہارورڈ میڈیکل اسکول میں کیے گئے ایک اور مطالعے سے معلوم ہوا کہ جو لوگ روزانہ صرف 3 سے 4 کھجوریں
(ہفتے میں 22 سے 30 کھجوریں) کھاتے ہیں انہیں ہائی بلڈ پریشر کی شکایت بھی بہت کم ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ ہائی بلڈ پریشر کو ’’خاموش قاتل‘‘ بھی کہا جاتا ہے لہذا کھجور کا یہ فائدہ اس کیفیت میں مبتلا افراد کےلیے غیرمعمولی خبر ہے۔ کھجور سے فالج کا تدارک:لڈ پریشر اور امراضِ قلب کی طرح فالج کا تعلق بھی ہمارے جسم میں خون کے بہاؤ سے ہے۔ کھجور میں خون کو رواں رکھنے اور اسے لوتھڑے بننے سے بچانے والے مفید اجزاء وافر مقدار میں ہوتے ہیں۔ ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ اگر روزانہ صرف 100 گرام کھجور کھائی جاتی رہے تو اس سے فالج کا خطرہ تقریباً دو تہائی کم رہ جاتا ہے۔ کھجور کے دوسرے اہم فائدے:ان سب کے علاوہ دیگر تحقیقات سے جو باتیں سامنے آئی ہیں ان سے پتا چلتا ہے کہ روزانہ صرف مٹھی بھر (5 سے 7) کھجوریں کھانے سے جسم میں خون کی کمی (انیمیا) دُور ہوتی ہے، قبض سے چھٹکارا ملتا ہے، معدے کا السر بھی نہیں ہوتا (اور اگر معدے کا السر ہو تو وہ ٹھیک ہوجاتا ہے)، حاملہ خواتین کو زچگی میں سہولت ہوتی ہے، سرطان سے تحفظ حاصل ہوتا ہے، جنسی کمزوری دور ہوتی ہے، جسم صحت مند اورتوانا ہوتا ہے جبکہ بہترین توانائی ملنے کے نتیجے میں دماغ بھی صحت مند رہتا ہے جس کے نتیجے میں یادداشت اور ذہانت میں اضافہ ہوتا ہے۔