پوشف اسٹروم: جنوبی افریقی بیٹسمین ڈیوڈ ملرنے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں تیزترین سنچری کا ریکارڈ قائم کردیا۔
ڈیوڈ ملر نے 35 گیندوں پر سنچری اسکور کرکے اپنے ہموطن رچرڈ لیوی کو پیچھے چھوڑدیا۔ بنگلادیشی ٹیم جنوبی افریقہ سے خالی ہاتھ وطن لوٹنے پر مجبور ہوگئی جب کہ سیریز کے دوسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 میچ میں بھی پروٹیز نے 83رنز سے آؤٹ کلاس کردیا۔
میزبان الیون نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر 224 رنزاسکورکیے،ڈیوڈ ملر نے 36 گیندوں پر 101رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7چوکے اور9 چھکے شامل رہے، ملرکوایک چانس بھی ملا، اننگزکے11ویں اوور میں روبیل کی گیند پرکیچ ڈراپ کیاگیا، اس وقت انھوں نے کھاتہ نہیں کھولا تھا، انھوں نے سیف الدین کے ایک اوور میں 31 رنز بنا کر تباہی مچا دی، جس میں ابتدائی پانچ گیندوں پر چھکے لگائے جبکہ آخری گیند پر وہ ایک رن بناسکے۔ اس سے قبل تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ملرکے ہموطن رچرڈ لیوی کے قبضے میں تھا، جنھوں نے ہیملٹن میں نیوزی لینڈ کیخلاف 45 گیندوں پر 100 رنز مکمل کیے تھے۔ گزشتہ روز ہاشم آملا نے 51 گیندوں پر 85 رنز بٹورے، بنگلہ ٹیم جوابی اننگز میں 18.3 اوورز میں 141 رنز پر حوصلہ ہار گئی، سومیہ سرکار نے 44 رنز بنائے۔