پاکستان نے اپنے دونوں میچز جیت کر برتری حاصل کرلی ،عقیل خان نے ایران کے شاہین خلدان کو جبکہ اعصام الحق نےانوشہ شاہ غولی کو ہرادیا ، کل ڈیوس کپ ڈبلز کے مقابلے ہوں گے۔
پاکستان میں بارہ سال بعد ہونے والی ڈیوس کپ ٹائی میں قومی ٹیم کا شاندار آغاز ہوا ہے۔ایشیا اوشیانیا گروپ ٹو میں پاکستان نے پہلے روز ہونے والے دونوں سنگلز جیت کر دو صفر کی برتری حاصل کرلی ۔ بارہ سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں ڈیوس کپ ٹائی کا میلہ لگا ہے۔اسلام آباد میں شروع ہونے والی ٹائی کے پہلے سنگلز میں عقیل خان اور شاہین خلدان کے درمیان پہلے سیٹ میں دلچسپ مقابلہ ہوا۔عقیل خان نے سیٹ سات چھ کے اسکور سے جیت لیا۔ دوسرے اور تیسرے سیٹس میں عقیل خان نے حریف کھلاڑی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا ۔عقیل نے چھ چار اور چھ دو کی کامیابی کے ساتھ میچ جیت لیا دوسرے سنگلز میں ٹینس اسٹار اعصام الحق کورٹ میں اترے، ان کے حریف ایران کے انوشا شاہ غولی تھےلیکن اعصام کے سامنے ان کی ایک نہ چلی ۔اعصام نے پہلا سیٹ چھ ایک سے اپنے نام کیا ۔ دوسرے اور تیسرے سیٹ میں بھی اعصام چھائے رہے۔ انہوں نے دونوں سیٹس چھ دو کے اسکور جیت کر پاکستان کو ٹائی میں دوصفر کی برتری دلا دی۔کل ڈبلز میں محمد عابد اور عابد علی ایرانی جوڑی سے مقابلہ کرے گی۔