پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈان لیکس پاک فوج کو بدنام کرنےکی کوشش تھی، حکومت کو چاہیے کہ مکمل انکوائری رپورٹ جلد جاری کرے۔
عمران خان ڈان لیکس کے حوالے سے پاک فوج کے ترجمان کے ردعمل کے سلسلے میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کھل کر سامنے آرہی ہے، سیاسی کارستانیاں بے نقاب ہورہی ہیں، یہ سیاسی شہید کیسے بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا احتجاج آگے لے جارہے ہیں، ’استعفیٰ دو‘ تحریک آگے بڑھارہے ہیں، کل کراچی میں ریلی ہوگی، 5مئی کو نوشہرہ میں جلسہ ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق کا اپنے بیان میں کہناتھا کہ قوم ڈان لیکس پر حقائق سے آگاہی کیلئے پوری رپورٹ کی منتظر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت حقائق پر پردہ پوشی سے گریز کرے، جاننا چاہیں گے کہ طارق فاطمی وغیرہ نے افواج پاکستان کو بدنام کرنے میں کیا کردار ادا کیا۔
نعیم الحق کا یہ بھی کہنا تھا قوم جاننا چاہتی ہے کہ کیا وزیر اعظم، ان کی صاحبزادی اور فواد حسن فواد سے تحقیقات کی گئیں یا نہیں، کمیشن کی جانب سے جمع کئے گئے شواہد اور تحقیقات سے آگاہی کے بغیر قوم مطمئن نہیں ہوگی۔