اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت نے شوگر انکوائری کمیشن کو رپورٹ مکمل کرنے کے لیے مزید 4 روز کی مہلت دے دی۔جیو نیوز کے مطابق شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ تیار ہے تاہم اسے مرتب کرنے کے لیے 4 دن دیے گئے ہیں۔چینل ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر ملزکے فرانزک آڈٹ کی تکمیل کے بعد رپورٹ مرتب کرنے کا کام جاری ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اعلیٰ سطح کے کمیشن کی جانب سے مفصل فرانزک آڈٹ کا انتظار کررہے ہیں جو 25 اپریل تک کرلیا جائے گا تاہم بعد ازاں کمیشن کو رپورٹ پیش کرنے کے لیے مزید 3 ہفتوں کی مہلت دی گئی تھی جس کے بعد اسے 16 مئی کو پیش کرنا تھی۔