کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی آج منائی جائے گی،، بینظیر بھٹو کو 2007 میں دہشتگردی کے حملے میں راولپنڈی میں شہید کر دیا گیا تھا ،، ان کے قاتلوں کو تعین آج تک نہیں ہو سکا
تفصیلات کے مطابق گڑھی خدا بخش میں برسی کی تقریب کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،، محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے ملک بھر سےکارکنوں کے قافلوں کی آمد جاری ہے۔ شہید بینظیر بھٹو کی برسی تقریبات میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت پیپلزپارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنما بھی پہنچ چکے ہیں۔گڑھی خدابخش میں برسی کے موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کیلئے جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کریں گے۔ شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔محترمہ بے نظیر بھٹو کی گیارہویں برسی پر صبح قرآن خوانی اور چادریں چڑھائی جائیں گی۔ برسی کے موقع پر عام لنگر بھی تقسیم کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ برسی کے موقع پر سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز کے علاوہ سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک کے نظام کو مربوط بنانے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کردیا گیا ہے،، گڑھی خدا بخش بھٹو اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کردیئے گئے ہیں۔