کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کا حال بد سے بدترین ہوگیا ہے، کراچی پر سندھ حکومت کی کوئی توجہ نہیں، 3 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ کا کام شادی ہالوں کا فیصلہ کرنا نہیں، یہ ہمارا کام ہے۔
ہفتے کو عدالت میں پیشی کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ منتخب میئرکو جھوٹے الزامات میں بند کر دیا گیا، چیف جسٹس کے حکم کے باوجود ضمانت کی درخواستوں کا فیصلہ نہیں ہو رہا، میں چور ڈاکو نہیں ہوں جو بھاگ جاؤں، مجھے ضمانت پر رہا کیا جائے، مجھے کراچی کے عوام کیلیے کام کرنے دیا جائے۔
ضمانت کے طور پر میں اپنا پاسپورٹ عدالت میں رکھنے کیلیے تیار ہوں جبکہ سندھ اسمبلی کے حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ لندن کی رابطہ کمیٹی کا ہم پر کوئی اثر نہیں ہوگا جو لوگ طویل عرصہ پیپلز پارٹی کیلیے کچھ نہیں کر سکے وہ اور پارٹی کیلیے کیا کریں گے، ہمارا تعلق عوام سے ہے، ہم سے الگ ہونے والوں کا تعلق تنظیم سے رہا ہے، ہم نے بلدیاتی نمائندوں کو مزید متحرک کردیا ہے۔