لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے اثاثے منجمد کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید نے درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ بیرسٹر جاوید اقبال نے نوازشریف کے خلاف عدالت میں تین متفرق درخواستیں دائر کررکھی ہیں جن میں سابق وزیراعظم کے اثاثے منجمد کرنے، نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ان سے سر کا خطاب واپس لینے کی درخواستیں شامل ہیں۔
اثاثے منجمد کرنے سے متعلق درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نوازشریف کے خلاف نیب تحقیقات کررہا ہے لہٰذا نیب کی تحقیقات مکمل ہونے تک ان کے اثاثے منجمد کردیئے جائیں۔ جب کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے سے متعلق درخواست میں کہا گیا ہےکہ نیب انکوائری کی وجہ سے نوازشریف بیرون ملک روانہ ہوسکتے ہیں، عدالت نے اس درخواست پر بھی 22 اگست کو وفاق اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کیا جس میں 25 اگست تک جواب طلب کیا گیا تھا۔ عدالت نے اثاثے منجمد کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔