اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزارتوں کے قلمدانوں میں ردوبدل کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسد عمر کو وزارت خزانہ سے ہٹا کر وزارت پٹرولیم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزرا کی کارکردگی پر نظر ثانی کے بعد اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سینئیر تجزیہ کار صابر شاکر نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں یہ تبدیلی گذشتہ کافی عرصہ سے متوقع تھی لیکن اس کے بعد ہی پلوامہ کا حملہ ہوا اور یکے بعد دیگرے بھارت کی جانب سے جو جارحیت کی گئی اس کی وجہ سے اس فیصلے کو مؤخر کر دیا گیا تاہم اب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس میں سے 3 کے نام منظر عام پر آگئے ہیں۔ وزارت خزانہ کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وزارت خزانہ ممکنہ طور پر وزیراعظم خود اپنے پاس رکھیں گے اور ہو سکتا ہے کہ وہ وزارت خزانہ کے معاملات کے لیے معاشی ٹیم یا ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ایڈوائزرز کی ایک ٹیم رکھ لیں اور سارے معاملات براہ راست خود ہی دیکھیں۔
واضح رہے کہ ایسے موقع پر جب ملک کے معاشی حالات غیر مستحکم ہیں، وزیر خزانہ اسد عمر ہی عوام کی اُمید تھے کہ وہ ملک کے معاشی حالات تبدیل کر دیں گے لیکن اب وزیراعظم عمران خان نے ان کی وزرات کا قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے سیاسی حلقوں میں بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔کیونکہ ایک جانب بجٹ سر پر ہے اور آئی ایم ایف سے قرض حاصل کرنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں تو دوسری جانب وزارت خزانہ کا قلمدان اسد عمر سے واپس لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے