اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو امریکی سفارت کار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے 2 ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو امریکی سفارت کار کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے مقتول عتیق کے والد کی درخواست پر فیصلہ سنادیا ہے، عدالت عالیہ نے اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ ملزم کرنل جوزف کو مکمل استثنیٰ حاصل نہیں ہے، وزارت داخلہ کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے 2 ہفتوں میں فیصلہ کرے۔ امریکی سفارت کار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان عتیق کے والد نے وزارت داخلہ میں ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست دے رکھی تھی جب کہ وزارت داخلہ اس سے قبل کرنل جوزف کو بلیک لسٹ قرار دے کر رپورٹ جمع کرا چکی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تھانہ کوہسار کی حدود میں امریکی سفارت خانے کے ایک اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان شدید زخمی ہوگئے تھے جس میں سے ایک نوجوان عتیق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا۔