رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے سنگیت کی تقریب 13 نومبر کو منعقد ہوگی، جس کے بعد 14 اور 15 نومبر کو ان دونوں کی شادی کے ایونٹس رکھیں جائیں گے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ دپیکا اور رنویر دونوں دو روایات کے تحت دو مرتبہ شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔یہ دونوں جنوبی بھارت اور شمالی بھارت کی روایات سے دو مرتبہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔14 نومبر کو کناڈیگا اسٹائل کی شادی منعقد ہوگی، جبکہ 15 نومبر کو اننت کارج روایت کے تحت شادی منعقد کی جائے گی۔یاد رہے کہ رنویر سنگھ کا تعلق سندھی پنجابی نسل سے ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان دونوں کی شادی میں دپیکا اور رنویر دونوں کے خاندان کی جانب سے فالو کی جانے والی رسومات ادا کی جائیں گی۔واضح رہے کہ رنویر اور دپیکا کی شادی میں صرف ان کے قریبی دوست اور خاندان کے افراد شریک ہوں گے، جبکہ یہاں آنے والوں کو فون ساتھ نہ لانے کی بھی درخواست کی جائے گی۔رپورٹس کے مطابق دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی میں بولی وڈ سے تعلق رکھنے والے صرف 4 افراد شریک ہوں گے جن میں شاہ رخ خان، فرح خان، سنجے لیلا بھنسالی اور ادیتیا چوپڑا شامل ہیں۔ دپیکا پڈوکون نے اپنے کیریئر کا آغاز فرح خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ کے ساتھ کیا تھا جس میں شاہ رخ خان نے ان کے ہمراہ مرکزی کردار ادا کیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ دپیکا ان دونوں سے کافی قریب ہیں۔جبکہ رنویر سنگھ کو بولی وڈ میں ادیتیا چوپڑا نے لانچ کیا تھا۔دوسری جانب سنجے لیلا بھنسالی نے دپیکا اور رنویر سنگھ کو تین کامیاب بولی وڈ فلموں میں کاسٹ کیا۔15 نومبر کو شادی کی تقریب کے بعد ایک پارٹی منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور رپورٹ کے مطابق ارجن کپور اس پارٹی کا حصہ ہوں گے۔بعدازاں دونوں اداکار ممبئی اور بنگلور میں بھی اپنی شادی کے جشن کے دو ایونٹس منعقد کریں گےرپورٹس کے مطابق دپیکا پڈوکون اپنی شادی میں ڈیزائنر سبیاسچی کے ڈیزائن کردہ جوڑوں میں نظر آئیں گی جبکہ رنویر کے ڈیزائنر کا نام اب تک سامنے نہیں آیا۔