لاہور: بجلی فراہم کرنے والے سپلائی سسٹم میں فنی خرابی کے باعث لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اکثر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔
نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے بجلی سپلائی کرنے والے ترسیلی نظام میں فنی خرابی پیدا ہونے اور بجلی کےبریک ڈاؤن کی وجہ سے لاہور، ملتان،وہاڑی، چشتیاں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، لکشمی چوک، رحیم یار خان، ساہیوال، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا سمیت خیبرپختونخوا کے اکثر شہروں میں بجلی بند ہو گئی۔ ٹرانسمیشن سسٹم ٹرپ کرنے سے تربیلا، منگلا اور غازی بروتھا کی سپلائی لائنز بھی ٹرپ کر گئیں۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق فنی خرابی کے باعث گدو، مظفر گڑھ، ملتان اور خیبرپختونخوا کے پاور پلانٹس متاثر ہوئے۔ تاہم تربیلا، منگلا اور غازی بروتھا پاور پلانٹس سے بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی جبکہ مظفر گڑھ گدو پاور پلانٹس کے کچھ پاور ہاؤس سے بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی۔ پاور ڈویژن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فنی خرابی کیوں پیدا ہوئی اس کی انکوائری شروع کر دی گئی ہےجب کہ جلد بجلی بحال کر دی جائے گی۔