پیرس، 17ستمبر ، 2015، فرانس میں پاکستان کے سفیر جناب غالب اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج مادر وطن کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں یہ بات انہوں نے پاکستان کے 50ویں یوم دفاع کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی-انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی اندرونی یا بیرونی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی انہوں نے مزید کہا کہ دفاع وطن کے اسی جذبے سے سرشار ہماری عوام اور افواج دہشت گردی کے خلاف ایک ایسی جنگ لڑ رہے ہیں جو خطرناک بھی ہے اور پیچیدہ بھی تاہم ہم نے اپنی جراء ت ، عزم اور اتحاد کی بدولت دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے –
یوم پاکستان کی یہ تقریب نہایت سادہ اور پروقار طریقے سے آج شام سفارتخانے میں منعقد کی گئی -شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں -فرانس اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے-کیک کاٹنے کی تقریب جناب سفیر ، مسلح افواج کے ایک سابق فوجی افسر اور سفارتخانے میں ڈیفنس ونگ کے افسران نے سرانجام دی-آرمی اور نیول اتاشی کیپٹن راشد محمود نے اس موقع پر صدر پاکستان کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جبکہ ٹیکنیکل اتاشی گروپ کیپٹن عامر بشیر نے وزیر اعظم پاکستان کا پیغام پڑھا-تقریب سے ڈیفنس اتاشی ائیر کمانڈور فواد حاتمی نے بھی خطاب کیاانہوں نے کہا کہ آج کی جنگ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے اور ہم یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم ہر صورت یہ جنگ جیتیں گے اس عزم کے ساتھ جس کا مظاہرہ ہم نے ہمیشہ کیا ہے –
آج کا دن 1965میں بھارتی جارحیت کے خلاف جنگ کے دوران فوج اور عوام کی طرف سے پیش کی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے یہ دن ایک بزدل دشمن کے خلاف جراء ت مندانہ جنگ کا استعارہ ہے -یہ ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمارے عوام کی بے مثال جراء ت مندی کی یاد دلاتا ہے – یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ نہ صرف دفاع بلکہ عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ہمیں ایک قوم کے طور پر کام کرنا ہے –
تقریب میں سفارتخانہ کے افسران و عملہ ، دیگر ممالک کے سفارتکاروں اور پیرس میں موجود دفاعی اتاشیوں ، سابقہ فرانسیسی فوجیوں ، دانشوروں ، صحافیوں اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی-