کراچی (یس ڈیسک) دہشت گردی اورعسکریت پسندی کے ناسور نے پاکستان کو سیکیورٹی ایکیوپمنٹ اور ٹیکنالوجی کی بڑی مارکیٹ بنادیا ہے۔ اس سال ہونیو الی دفاعی ہتھیاروں کی نمائش میں شرکت کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کی بڑی تعداد پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے مطابق سلوشنز اور ایکوپمنٹ ڈسپلے کررہی ہیں۔
دفاعی ہتھیاروں کی نمائش میں سرویلنس سسٹم، جدید کمیونی کیشن سسٹم، دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) کی نشاندہی کرنیوالے آلات، جیمرز، ریڈیو ایکٹیو (تابکاری) کی نشاندہی کرنیوالی ٹیکنالوجی، نگرانی کے آلات بنانے والی کمپنیوں کی بڑی تعداد نمائش میں شرکت کررہی ہے۔
دفاعی ہتھیاروں کی نمائش میں غیرملکی کمپنیوں کی تعداد مجموعی شریک کمپنیوں کا 53 فیصد جبکہ مقامی کمپنیوں کا تناسب 47 فیصد ہے۔د نیاکے 17 ممالک چھوٹے بڑے پویلین لگارہے ہیں جبکہ چین اور برادر اسلامی ملک ترکی بھرپور طریقے سے شرکت کررہے ہیں۔ پاکستان سے اہم دفاعی معاہدہ کرنیوالا ملک روس بھی اپنی مصنوعات کے ساتھ پہلی بار شرکت کررہا ہے اور اس نمائش سے پاکستان اور روس کے مابین مشترکہ منصوبوں پر اہم پیش رفت بھی متوقع ہے۔
پاکستانی اسلحے کے بڑے خریدار افریقی اور مڈل ایسٹ ممالک سے بھی مندوبین کی بڑی تعداد نمائش میں شرکت کررہی ہے۔ دفاعی ہتھیاروں کی آٹھویں نمائش ایسے حالات میں منعقد ہورہی ہے جب مسلح افواج دہشت گردوں کی سرکوبی میں مصروف ہیں دوسری جانب عسکریت پسند ملک دشمن عناصر دہشت گردی کی کارروائیوں میں نہتے عوام اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنارہے ہیں۔
عدم تحفظ کے حالات فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنج ہیں جس سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ایکیوپمنٹ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ نجی شعبہ بالخصوص سرمایہ دار، قومی اور کثیر قومی کمپنیاں، سفارتخانوں اور عوامی مقامات کی حفاظت کے لیے واک تھرو گیٹ، آتش گیرمادے اور اسلحہ کی نشاندہی کرنے والے آلات کی کھپت بڑھ رہی ہے دوسری جانب اہم شخصیات کی حفاظت کے لیے بلٹ پروف اور بم پروف گاڑیوں کا استعمال بھی بڑھ رہا ہے۔
اس لیے نمائش میں بلٹ پروف جیکٹس، بکتر بند اور بلٹ پروف/بم پروف گاڑیاں تیار کرنے والی ملکی و غیرملکی کمپنیاں بھرپور شرکت کررہی ہیں۔ نمائش کے منتظمین کے مطابق پاکستان کی ہتھیار سازی کی صلاحیت دنیا میں تسلیم کی جاچکی ہے اس نمائش کے ذریعے گزشتہ 2سال کے دوران پاکستانی ایکیوپمنٹ میں کی جانے والی ڈیولپمنٹ اوراپ گریڈیشن کو ڈسپلے کیا جائے گا۔ یہ نمائش دنیا میں دفاعی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اچھا تاثر پھیلانے کا بھی سبب بنے گی۔