وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری کاموں میں تاخیرکوعوام کے خلاف سازش سمجھتا ہوں،افسران اپنا قبلہ درست کرلیں ۔ محکمہ صحت سندھ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ افسران پر برس پڑے۔انہوں نے بلڈنگ ڈپارٹمنٹ اور محکمہ ورکس کے کام پر بھی عدم اطمینان کا اظہارکیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں محکمہ صحت کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر بلڈنگ ڈپارٹمنٹ اور محکمہ ورکس کی کارکردگی پروزیراعلیٰ نے برہمی کااظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ خدا کے واسطے عوام پر رحم کریں،آپ کام کریں تاکہ عوام کی خدمت کی جا سکے،میں نے ناراضی کا اظہارکیاتو 5 اسکیموں کاکام ایک دن میں ہو گیا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کام کرسکتے ہیں لیکن کرنا نہیں چاہتے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے نہ سمجھائیں کہ ڈیزائن اور انجینئرنگ کا کام کیسے ہوتاہے،میں جانتاہوں اعلیٰ معیار کا کام مقررہ وقت میں کیسے ہوتاہے،اگر یہ حال رہا تو محکمہ ورکس کا سارا کام آؤٹ سورس کرادوں گا، مارکیٹ میں اچھے پروفیشنل لوگ موجود ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے وارننگ دی کہ افسران اپنا قبلہ درست کریں۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہناتھا کہ اسپتالوں میں صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا اسپتال انتظامیہ کا کام ہے،اچانک دورہ کروں گا صفائی نہ ہوئی انتظامیہ سے صفائی کراؤں گا ۔ کسی بھی اسپتال میں دوائیں نہ ملنے کی شکایت نہیں آنی چاہیے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کارکردگی جانچنے کیلئے ہرانجینئر سے موبائل نمبرنوٹ کرائے جبکہ ہر پندرہ روز میں پیشرفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔