قاہرہ: مصرکے رکن پارلیمنٹ منجودالھواری کی جانب سے خاتون سیکیورٹی اہلکار کے ساتھ بدسلوکی کرنے اورانہیں تھپڑ رسید کرنے کے واقع پرعوام الناس نےان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مصری رکن پارلیمنٹ منجود الھواری نے بیٹی کی خاطر جامعہ الفیوم کی ایک خاتون سیکیورٹی اہلکار کو تھپڑ رسید کردیا۔ مصر کے وزیرتعلیم ڈاکٹر خالد عبد الغفارکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رکن پارلیمنٹ کا خاتون پر تشدد زیب نہیں دیتا۔ اگر منجود الھواری اس فعل کے مرتکب ہوئے ہیں تویہ ناقابل معافی جرم ہے۔ جامعہ الفیوم کے چیئرمین ڈاکٹر خالد حمزہ نے واقعے کی مکمل رپورٹ وزیر تعلیم کے سامنے پیش کردی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رکن پارلیمنٹ کی بیٹی ایک دوسری لڑکی کے ساتھ جامعہ میں داخل ہونا چاہتی تھی مگراس کے پاس شناختی دستاویزات نہیں تھیں جس پرسیکیورٹی عملے نے انہیں داخل ہونے سےروک دیا جس پرلڑکی نے مدد کے لیے اپنے والد رکن پارلیمنٹ منجود الھواری کو طلب کرلیا۔ الھواری نے جامعہ آنے کے بعد خاتون سیکیورٹی اہلکار کو تھپڑ رسید کردیا جس پر وہاں موجود طلبا مشتعل ہوگئے۔ مصری رکن پارلیمنٹ کی جانب سے خاتون سیکیورٹی اہلکار کو تھپڑ رسید کیے جانے پرعوام الناس میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے جب کہ سوشل میڈیا صارفین نے الھواری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خاتون سے سرعام معافی مانگیں۔