لاہور ……ملازمتوں کے حصول کا مطالبہ لئے نابینا افراد دوسرے روز بھی سڑکوں پر آگئے ،لاہور کے کلمہ چوک پر میٹرو بس کا روٹ بلاک کرنے کی کوشش کی گئی، اس موقع پر ان کی پولیس سے جھڑپ بھی ہوئی ، ملازمتوں کا حصول اور سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ مختص کرنے کامطالبہ لیے نابینا افراد آج بھی لاہور میں سڑکوں پر ہیں ۔احتجاجی مظاہرے کےدوسرے دن نابینا افرد لاہور کے کلمہ چوک پر جمع ہوئے اور احتجاج شروع کردیا،مظاہرین کی زیادہ تعداد کے باعث سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا جبکہ پولیس نے بھی مظاہرین کو ہٹانے کی اپنے طورپر پوری کوشش کی ۔نابینا افراد کے مظاہروں کا آج دوسرا دن ہے ، انہوں نے گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا مطالبہ بھی کیا تھا لیکن ابھی تک کسی سرکاری عہدیدار نے بھی ان سے ملاقات نہیں کی ۔وزیراعلی پنجاب نے اپنے طورپر ایک میٹنگ کےبعد بیان جاری کیا ہے جس میں انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ نابینا افراد کو تنگ نہ کیا جائے ، شہباز شریف نےکہا ہےکہ نابینا افراد ہمارے بچوں کی طرح ہیں ان کا پورا خیال رکھا جائے ۔