counter easy hit

آخر جمہوریت کے مقاصد کیا ہیں (قسط2)

Democracy

Democracy

تحریر : لقمان اسد
نظام جمہوریت پر قابض ان خاندانوں کیلئے ملک کے مختلف بنکوں سے بڑے بڑے قرضہ جات حاصل کرنے میں کوئی بھی رکاوٹ حائل نہیں ہوتی انہی خاندانوں میں سے اگر کوئی فرد بھاری قرضہ لیکر پھر وقت پر متعلقہ بنک کو واپس کرنے کی بجائے یہ رقم ہڑپ کر لیتا ہے تو بھی اُسے کوئی ضابطہ یا قانون باآسانی رقم واپسی کیلئے آمادہ یا پابند نہیں کر سکتا اور یوں مالی بد عنوانی اور مالی کرپشن کو یہ طبقہ اپنا حق اولین تصور کرتا ہے۔

جبکہ اس کے بر عکس اگر ایک غریب شہری اور ضرورت مند کسی بھی اپنی ضرورت کی بنیاد پر ملک کے کسی بنک سے قرضہ کے حصول کی خاطر اپلائی کرتا اور درخواست گزارتا ہے اول تو محکمہ مال کے ایماندار آفیسران درخواست کی تیاری کے دوران ہی ابتدائی مرحلہ پر اُس کی کھال اُتار لینے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے اگر تھوڑا بہت وہ سمجھ داری سے کام لیکر وہ بچ جاتا ہے تو آگے جب وہ متعلقہ بنک پہنچتا ہے۔

تو پھر بنک کا عملہ اُس شخص کو ایسی طویل اور پریشان کر دینے والی ایک داستان سناتا ہے کہ ایک بار تو وہ یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہے کہ اُسے یہ قرض حاصل کرنے کی خواہش ترک کر دینی چاہیئے لیکن پھر وہ یہ خیال رتا ہے کہ ایک ماہ یا اس سے کچھ زائد عرصہ تو اب اس کام کے پیچھے ضائع ہو چکا ہے کچھ دن اور کوشش کر لینی چاہیئے اب جب کئی بار کے بنک کے چکر لگانے کے باوجود بھی یہ بلند عزم اور مضبوط حوصلے والا آدمی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہوتا تو مجبوراً دو یا تین ہفتوں کے بعد بنک آفیسر اس عام شہری پر رحم کھاتے ہوئے اُس کو قرض جاری کر دیتا ہے۔

قرض واپسی کی تاکید تو یہ آفیسر سختی سے قرضہ کے اجراء کے وقت ہی کر دیتا ہے کہ مقررہ مدت سے ایک دن بھی اُس نے بنک کو قرض واپسی میں تاخیر کی تو قانون حرکت میں آجائے گا لیکن بسا اوقات ایسا ہو بھی جاتا ہے تو بنک کا پورا عملہ یوں ہاتھ دھو کر اُس غریب شہری کا تعاقب کرتا ہے کہ جس طرح اُس ضلع کی حدود میں اس بنک کا سب سے بڑا قرض دار اور ڈیفالٹر وہی ہے حالانکہ یہ قرض بھی ایک لاکھ روپے یا اس کا بھی بعض اوقات نصف ہوتا ہے انہی بنکوں کے کھاتہ رجسٹروں کی چھان بین کی جائے تو دس دس سالوں سے بڑے بڑے علاقائی معززین اور سردار اُن کے ڈیفالتر ہوتے ہیں جبکہ ہر سال یہ بنک جو ایک لسٹ تیار کر کے باقاعدہ اشتہارات چھپوا کر علاقہ کے مختلف چوکوں اور چوراہوں پر آویزاں کرتے ہیں۔

ان اشتہارات میں معززین علاقہ کا نام ہر سال کی فہرست میں نمایاں اور جلی حروف میں اشتہار کی زینت بنا ہوتا ہے مگر ان صاحبان کو بنک کا عمل مجبوراً اشتہارات میں نام چھاپنے کی حد تک ہی مخصوص رکھتا ہے باقی وہ کسی قسم کی قانونی کارروائی کی زد میں آنے سے ہمیشہ محفوظ ہی رہتے ہیں وطن عزیز کی جمہوریت میں رائج ایک بڑا استحقاق اس استحصالی طبقہ کو یہ بھی حاصل ہے کہ ہر کلیدی عہدہ پر یہ اپنی من مرضی کا آفیسر تعینات کراتے ہیں پٹواری سے لیکر ای ڈی او زراعت ،ای ڈی او صحت ،ای ڈی او ایجوکیشن ،ڈی پی اوز ،ڈی سی اوز اور اس کے علاوہ ہر تھانہ میں ایس ایچ او تک ان جمہوری کرتائو ں دھرتائوں کے اشارہ ابرو پر تعینات کیا جاتا ہے۔

پارلیمانی قیادت ایم این ایز اور ایم پی ایز کی ان ترجیحات اور خواہشات کو فوری طور پر عملی جامہ پہنانے میں دیر نہیں کرتی تاکہ وہ اپنی لیڈر شپ کے اعلیٰ طرز اور اونچے پیمانے کے اُن کے ذاتی مفادات کو یقینی بنانے میں یہ اُن کے ہمنوا ٹھہریں اور کہیں بھی اپنی اعلیٰ قیادت کے خلاف کوئی شکوہ شکایت یا ہلکی پھلی آواز بھی بلند کرنے سے احتیاط برتیں۔

Luqman Asad

Luqman Asad

تحریر : لقمان اسد