اسلام آباد (یس ڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما نبیل گبول کا کہنا ہےکہ جب جمہوریت کو خطرہ ہو تو وزیراعظم بھی قومی اسمبلی میں آکر بیٹھ جاتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ دھرنے کے وقت ہمیں استعمال کرکے قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں بلایا گیا لیکن اب کورم بھی پورا نہیں ہورہا۔
انہوں نے کہا کہ جب جمہوریت کو خطرہ ہو تو وزیراعظم بھی قومی اسمبلی میں آکر بیٹھ جاتے ہیں لیکن آج اجلاس میں کوئی بھی وزیر موجود نہیں ہے، ہمیں استعمال کرکے پھینکا نہ جائے، وزیراعظم کو اراکین اسمبلی کی جنوری میں دوبارہ ضرورت پڑ سکتی ہے۔
نبیل گبول نے قومی اسمبلی میں قومی ایئرلائن پی آئی اے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایئرلائن کی سیٹ اتنی چھوٹی ہے کہ وہ بیٹھ بھی نہیں سکتے اور جہاز میں کھڑے ہوکر سفر کرتے ہیں۔