اسلام آباد : سپریم کورٹ میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے جمہوری ادارے جلد قائم ہوں گے۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری لوکل گورمنٹ ایکٹ دوہزار پندرہ سینیٹ کی تجاویز کے بعد منظور کر لیا گیا ہے، آج صدر کو منظوری کے لئے بھیجوایا جائے گا، توقع ہے کہ صدر کل اس کی منظوری دے دیں گے، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لاء ارشد خان کا کہنا تھا کہ الیکشن رولز کے تحت انتخابات ہونا چاہیئے۔
جو حکومت نے دینے ہیں، انتخابات الیکشن رولز نہ بننے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں، جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ اگر حکومت پچیس سال رولز نہیں بنائے گی تو کیا الیکشن کمیشن پچیس سال عوام کو ان کے حق سے محروم رکھے گا۔
اسلام آباد میں آخری بار بلدیاتی انتخابات انیس سو اکیانوے میں ہوئے تھے، توقع کرتے ہیں کہ جمہوری ادارے جلد قائم ہو نگے، عدالت نے کیس کی سماعت بدھ تک کے لیے ملتوی کردی۔