لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے چوکس رہیں ، ڈینگی کے مرض کے تدارک کیلئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کروں گا۔
لاہور سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں انسداد ڈینگی کے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ادارے کو ذمہ داری پوری کرنا ہوگی ۔ ٹائر وں کی دکانوں ، قبرستانوں ، کباڑ خانوں اور ہوٹلوں کی باقاعدہ چکنگ جاری رکھی جائے اور نشیبی علاقوں میں پانی کا فوری نکاس بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پرانے اور خراب ٹائروں کو مناسب طریقے سے تلف کیا جائے اور جس ٹائر شاپ سے لاروا ملے ، اس کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا جائے۔