اسلام آباد(ایس ایم حسنین)شعبہ صحت اور تاجروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد ڈی سی راولپنڈی محمد علی رندھاوا نے شہر کے اہم رہائشی اورکاروباری علاقوں میں 10 دن کیلئے سمارٹ لاک ڈائون لگانے پر اتفاق کیا ہے۔اس سلسلے میں ڈی سی راولپنڈی نے حکومت پنجاب کو خط لکھا دیا ہے جس میں 30جون سے شہر کے اہم علاقوں جن میں گلزارقائد، خیابان سرسید، ڈھوک علی اکبر، کوٹھہ کلاں، مورگاہ، تخت پڑی، ننکاری بازار اورباڑہ مارکیٹ شامل ہیں میں 10دن کیلیے سمارٹ لاک ڈائون لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ گلزار قائد کی آبادی جوکہ 10220افراد پرمشتمل ہے اس میں کورونا کے 18 تصدیق شدہ کیسز ہیں۔ خیابان سرسید کی آبادی 88890 جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 ہے، ڈھوک علی اکبر کی آبادی9200جبکہ تصدیق شدہ کیسز 10ہیں، کوٹھہ کلاں کی آبادی6020 جبکہ تصدیق شدہ کیسز 14 ہیں، مورگاہ کی آبادی 7840 جبکہ تصدیق شدہ کیسز 27 ہیں، اسی طرح 8750 نفوس پرمشتمل تخت پڑی کے علاقے میں سب سے زیادہ 57 تصدیق شدہ کیسز موجودہیں۔اسی طرح ننکاری بازاراورباڑہ مارکیٹ جو کہ انتہائی مصروف بازار ہیں وہاں بھی کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے انھیں بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔ 30جون سے ان علاقوں میں دس دنوں کیلئے دفعہ 144/06کے تحت سمارٹ لاک ڈائون نافذ العمل ہوگا۔