وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے ک ہم نے خالی خولی نعرے نہیں لگائے، صرف اقتدار کی جنگ نہیں لڑی، تعمیر و ترقی کا سفر مخالفت کے باوجود جاری رکھا ہے۔
سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے حاسدین نے ہر قدم پر رکاوٹیں کھڑی کرنےکی کوشش کی ہے،ہمارا قافلہ نوازشریف کی قیادت میں رکاوٹیں دور کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ 2018ء کے الیکشن کی طر ف جا رہا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب ہم آئے ریلوے سسک رہی تھی، آج ریلوے چل رہی ہے،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک رہ گئی ہے،2018 ءمیں ہم روشن پاکستان دیکھیں گے،دہشت گردی مکمل نہیں تو ستر اسی فیصد ختم کردی،جب تک سوچ نہیں بدلے گی دہشت گردی کو جڑ سے نہیں اکھاڑا جاسکے گا،جب تک نفرتوں کے سوداگر زہر افشانی کرتے رہیں گے دہشت گردی ہوتی رہے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں سیاسی اختلافات بڑی بدصورت شکل اختیار کر گئے ہیں، دنیا میں کسی حکمران نے 3 نسلوں کا حساب نہیں دیا، میرے قائد نے اپنے والد سے اپنے بچوں تک کا حساب دیا ہے،جس وقت لوگوں کے آباؤ اجداد کرپشن کے نام پر نوکریوں سے نکالے جارہے تھے میر ےقائد کے خاندان کے کاروبار سے10ہزار گھروں کے چولہے جل رہے تھے۔خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ الزام لگانے والے اپنے گریبانوں میں نہیں جھانکتے، ہم دنیا کی عدالت میں بھی سرخرو ہوں گے اور رب العزت کی عدالت میں بھی، یہ مسئلہ عوام کا مسئلہ نہیں ہے، جن کے گھروں میں گیس نہیں آتی، باہر پانی کھڑا ہے انہیں کیا پتہ پاناما کیا ہوتا ہے، ہم سرخرو ہوں گے ساری دنیا کو بتائیں گے ہمارے ہاتھ صاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ حواس باختہ لوگ ہمیں اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں، وقت آنے پر ہم ان کے چہرے عوام کو دکھائیں گے ، ہم وفاؤں کا حق ادا کرنا جانتے ہیں، سعد رفیق نے خون سے وفا کا حق ادا کیا ہے، کل ہم پر آزمائش کا وقت تھا تو اللہ نے ہمیں ثابت قدم رکھا، اقتدار آج ہے کل نہیں، فتح نواز شریف کی ہوگی، پاکستان کے عوام کی ہوگی۔