ٹی 20 کپتان شاہد آفریدی بنگالی ٹائیگرز سے عبرتناک شکست کے باوجود بھی کپتانی کو نہ چھوڑنے کا عندیہ دیتے ہوئے ورلڈ ٹی 20 میں کچھ بڑا کرنے کے خواہشمند ہیں
لاہور (یس اُردو) قومی ٹی 20 کپتان شاہد آفریدی پے در پے ناکامیوں کے باوجود کپتانی سے ہاتھ کھینچنے کو تیار نہیں ، بنگلا دیش سے عبرتناک ناکامی کے بعد کپتان نے خدا حافظ کہنے کی بجائے ورلڈ ٹی 20 میں کچھ بڑا کرنے کا بیان دے ڈالا ۔ایشیا کپ میں بنگلا دیش کے ہاتھوں شرمناک شکست ٹی 20 کپتان شاہد آفریدی لاکھوں کرکٹ دیوانوں کے دل سے اترنے کے باوجود ابھی بھی کپتانی چھوڑنے کو تیار نہیں وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ یعنی 38 ٹی20 میچز میں کپتانی کر چکے ہیں جس میں سے 17 میچز میں وہ سرخرو ہوئے جبکہ 21 میچوں میں قوم کو ہار کا تحفہ دیا ۔رواں ایشیا کپ کے تین میچوں میں بھی انہوں نے ایک انڈے سمیت گیارہ رنز اور ایک وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا ، لالہ بنگالی ٹائیگرز سے عبرتناک ناکامی کے بعد اپنا عہدہ چھوڑنے کی بجائے ڈھٹائی سے کہنے لگے کہ ورلڈ ٹی 20 کے لیے انہیں کچھ بڑا کرنا ہو گا ۔کرکٹ کی ایشیائی جنگ میں تو بوم بوم امیدوں پر پورا نہ اترے اب دیکھتے ہیں کہ ورلڈ ٹی20 میں وہ کیا تیر چلاتے ہیں ۔