ممبئی: پاکستانی اداکارہ سجل علی اور سری دیوی کی فلم ’’مام‘‘ شائقین کو متاثر نہ کرسکی اور ریلیز کے پہلے روز صرف ڈھائی کروڑ روپے ہی کما سکی۔
ٹائمز آف انڈیاکے مطابق لیجنڈ اداکارہ سری دیوی، نوازالدین صدیقی، اکشے کھنا پاکستانی اداکار عدنان صدیقی اور سجل علی کی فلم ’’مام‘‘ گزشتہ روز صرف بھارت میں 1350 سکرینز پر ہندی، تیلگو، تامل اور ملیالم زبانوں میں اور بیرون ملک 456 سکرینز پر ٹوٹل 1806 سکرینز پرریلیز کی گئی، فلم کی ریلیز سے قبل پیش گوئی کی جارہی تھی کہ ’’مام‘‘ رواں سال کی سپرہٹ فلم ثابت ہوگی اور باکس آفس پر کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی لیکن ہوااس کے برعکس، ’’مام‘‘ فلم بینوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہی اور 40 کروڑسے زائد کے بجٹ سے بنائی گئی فلم ریلیز کے پہلے روز صرف ڈھائی کروڑ کی کمائی ہی کرسکی۔ بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے دو روز قبل ٹویٹر پر فلم کو شاندار قرار دیتے ہوئےتمام اداکاروں اور ہدایت کار کی کارکردگی کو خوب سراہا تھا، انہوں نے فلم کے موضوع، اسکرپٹ اور موسیقی کی بھی تعریف کی تھی، لیکن ترن آدرش کے تجزیے کے باوجود فلم شائقین کے معیار پر پوری نہ اتر سکی۔