22لاکھ ڈالرز کی 17 حصوں میں تقسیم، ہر کھلاڑی کے حصے میں 1.3 لاکھ ڈالرآئینگے بورڈ کچھ نہیں لے گا، ملک بھر میں جشن کے باوجود پی سی بی کوئی تقریب نہ سجا سکا۔
لاہور: چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی پر قوم ٹیم کو ملنے والی انعامی رقم کی تقسیم کا فارمولا طے کرلیا گیا ،آئی سی سی کی جانب سے آئندہ ہفتے ملنے والے 22 لاکھ ڈالر کے چیک کے 17حصے ہوں گے، پی سی بی انعامی رقم میں سے کچھ نہیں لے گا اور ہر کھلاڑی کے حصے میں 1.3 لاکھ ڈالر آئیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طے پانے والے فارمولے کے تحت انعامی رقم کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ میں تقسیم ہو گی جبکہ پی سی بی کچھ بھی نہیں لے گا، ہر کھلاڑی کو انعامی رقم کا 17 واں حصہ یعنی 1.3 لاکھ ڈالر ملیں گے ۔ یاد رہے کہ یہ انعامی رقم ایونٹ جیتنے پر ملی ہے جبکہ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے اور سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کی بھی رقم ملے گی جو بعد میں تقسیم کی جائے گی۔
دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کرنے پر جہاں ملک بھر میں جشن منایا گیا وہیں کرکٹ بورڈ کی جانب سے چھوٹی سی بھی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ایونٹ پر بورڈ کے تمام عہدیدار تو ٹیم کیساتھ چلے جاتے ہیں اور فتح کی صورت میں ملک میں ٹیم کا استقبال کرنے کیلئے کوئی عہدیدار موجود نہیں ہوتا اور جب کھلاڑی گھر پہنچ جاتے ہیں تو پھر سب کو دوبارہ جمع کر کے تقریب کا اہتمام کرنا کافی مشکل ہو جا تا ہے اور اس بار بھی ایسا ہی ہوا ہے، چیمپئنز ٹرافی جیت کر جہاں کھلاڑی ٹولیوں کی شکل میں پاکستان پہنچے وہیں بورڈ نے بھی کسی تقریب کا اہتمام نہیں کیا۔