وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام ترقیاتی منصوبے رواں سال یکم جون سے پہلے مکمل کرلیے جائیں گے، چار پانچ مہینے کی تکلیف ہے،کراچی والے برداشت کرلیں پھر فائدے ہی فائدے ہوں گے۔
مرادعلی شاہ نےکراچی میں ہاکس بے روڈ پر یونس آباد پل کا افتتاح کردیا ۔چھ ماہ میں مکمل ہونے والے پل کی تعمیر پر21 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔پل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے نئی حکومت کو بہتر انفرا اسٹرکچر ملے گا۔شہر میں18،19 اسکیمیں جا ری ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں کراچی کی ترقی کیلئے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔یکم جون 2017 سے پہلے تمام اسکیمیں مکمل ہوں گی۔میئر کراچی وسیم اختر کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ خوشی ہورہی ہے ایک کام پایہ تکمیل کو پہنچا ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنا ہوگا۔اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہوگا جو ساحلی آبادیو ں کے درمیان فاصلوں کو کم کرے گا۔کم سے کم وقت میں پروجیکٹس کو مکمل کررہے ہیں۔یونس آباد پل تقریباً 22 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہوا ہے، اس کی لمبائی 378 میٹر ہے۔منوڑہ کو ہاکس بے سے ملانے کے لیے اسکافاصلہ2 اعشاریہ 41کلو میٹر ہےجبکہ ماڑی پور سے اس کا فاصلہ 921 میٹر ہے۔