راولپنڈی(ویب ڈیسک) بھارتی شہریت میں ترمیمی بل پر تاحال مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ان مظاہروں کی اہمیت اس وقت مزید عیاں ہو گئی جب نامور بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی ان مظاہروں میں شرکت کے لئے پہنچ گئیں۔ انڈین اداکارہ دیپیکا پڈوکون منگل کی شام سات بجے دلی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی
(جے این یو) پہنچیں جہاں انہوں نے طلبہ پر تشدد کے واقعے پر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ دیپیکا نے اس مظاہرے سے خطاب نہیں کیا۔ کچھ لوگوں سے بات چیت کرنے کے بعد وہ واپس چلی گئیں۔ بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ کی جانب سے مظاہرین سے اظہاریکجہتی پرملے جلے ردعمل کا اظہار ہوا کسی نے اسے فلم کی تشہیر کے لئے سٹنٹ قراردیا تو کسی نے بہادری کی مثال۔ دپیکا کا ٹرینڈ بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی توجہ حاصل کرتا رہا۔ اسی سلسلے میں انڈیا اور پاکستان کے بہت سے پاکستانیوں کی طرح پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفورنے بھی ٹویٹر پر اپنے ذاتی اکاونٹ پر دپیکا پڈوکون کی اس بہادری کی تعریف کی۔تاہم کچھ ہی دیر بعد انہوں نے وہ ٹویٹ ہٹا دیا۔ آصف غفور کی جانب سے حذف کئے گئے ٹویٹ میں انہوں نے کہاتھاکہ ”میں دپیکاکی تعریف کرتا ہوں کہ وہ طلبا اور سچ کے ساتھ کھڑی ہوئیں۔‘’آپ ایک مشکل ماحول میں بہادری کی علامت بنی ہیں جس سے آپ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔ انسانیت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔‘میجر جنرل آصف غفور کے ٹویٹ پر لوگوں نے ملا جلا ردعمل ظاہر کیاتھا۔یاد رہے کہ اتوار کو انڈیا کی معروف جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے کئی ہوسٹلز میں طلبہ اور اساتذہ پر درجنوں نقاب پوش حملہ آوروں نے حملہ کیا تھا جس میں کئی طلبہ زخمی ہوئے تھے۔