چنئی: مہندرا سنگھ دھونی انٹرنیشنل کرکٹ میں ففٹیز کی سنچری مکمل کرنیو الے چوتھے بھارتی بیٹسمین بن گئے ، وہ سری لنکن اسٹار کمار سنگاکارا کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین ثابت ہوئے، دھونی نے یہ کارنامہ آسٹریلیا سے ہوم سیریز کے پہلے ون ڈے میں ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں 88 گیندوں پر 79 کی اننگز کھیل کر انجام دیا۔
ان کے علاوہ بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل مقابلوں میں نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر نے قائم رکھا ہے، لٹل ماسٹر نے مجموعی طور پر 664 میچز میں 164 بار ففٹیز بنائی ہیں، راہول ڈریوڈ 504 میچز میں 145 بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ سارو گنگولی نے 421 مقابلوں میں 106 بار یہ حد عبور کی ہے، دھونی کے کیریئر کا یہ مجموعی طور پر 467 واں انٹرنیشنل میچ شمار ہوا، ویرات کوہلی اب تک 75 ففٹیز بناکر اس فہرست میں شامل ہیں، موجودہ بھارتی کپتان نے اب تک 305 بین الاقوامی میچز میں حصہ لیا ہے، سابق کپتان اظہر الدین کو 433 میچزمیں 79 ففٹیز بنانے کا اعزاز حاصل رہا ہے، سنیل گاوسکر 233 میچز میں 72 نصف سنچریاں اپنے نام جوڑچکے ہیں، وریندر سہواگ نے 363 مقابلوں میں 70 بار 50 کے ہندسے تک رسائی حاصل کی ہے۔