نئی دلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو’پدما بھوشن‘ سے نوازا گیا ہے جب کہ انہوں نے فوجی لباس میں ایوارڈ وصول کیا۔
بھارت میں فنکاروں اور کھلاڑیوں سمیت متعدد شخصیات کو ہر سال اعلیٰ شہری اعزاز ’پدما بھوشن‘ سے نوازا جاتا ہے، اس بار بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بھی بھارت کے تیسرے بڑے سویلین ایوارڈ سے نوازا گیا۔
بھارتی ٹیم نے 2007 میں آج ہی کے روز ایم ایس دھونی کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا جس کے بعد بھارت کے سابق آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ نے نومبر 2011 کو مہندرا سنگھ دھونی کو لیفٹیننٹ کرنل کا اعزازی رینک دیا تھا۔
واضح رہے بھارت کو 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، 2011 میں عالمی کپ، 2013 میں چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے واحد کپتان مہندرا سنگھ دھونی ’پدما بھوشن‘ حاصل کرنے والے 11ویں کرکٹر ہیں، اس سے قبل مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر، سنیل گواسکر، کپل دیو، راہول ڈریوڈ ، لالا امرناتھ، کرنل سی کے نائیڈو، پروفیسر ڈی بی دیودھر، راجا بھلندر سنگھ اور مہاراجہ آف وزیانگرام یہ ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔