مٹھیر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوز رداری نے کہا ہے کہ آمریت کے پجاری نہیں چاہتے کہ ہم متحد رہیں، انتہا پسندی کو جان بوجھ کر ہوا دی جارہی ہے، پیپلزپارٹی دیوالی کو اپنا تہوار مانتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری مٹھی میں ہندو برادری کے افراد کے جلسے سے خطاب کر رہے تھے، اس سے قبل انہوں نے مٹھی کے ہندوؤں کے ساتھ دیوالی منائی اور ماتھے پر ٹیکہ بھی لگوایا۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سب کو ساتھ لے کر چلے گی،جو نفرت پھیلاتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں، پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی زنجیرہے ،میں یہاں دیوالی کی خوشیوں میں شریک ہونے آیاہوں،19 نومبرکو تیر پر ٹھپہ لگا کر عوام کو آزادی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بھی یہاں آئے تھے وہ وعدے اوراعلان کرکے چلے گئے، میاں صاحب! کچھ تو پیچھے چھوڑ کر جاتے،آپ کے اعلانات اور وعدوں کا کیا ہوا، وہ اعلانات اور وعدے، اعلانات اور وعدے ہی رہ گئے، مجھے اور تھر کے لوگوں کو پتہ ہے آپ کچھ نہیں کریں گے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ مجھ سے جتنا ہو سکا اپنے بہن بھائیوں کے لیے کوشش کروں گا ،پیپلزپارٹی مساوات کی بات کرتی ہے،عوام کی بات کرتی ہے، یہ سب غریب اور عوام دشمن لوگ ہیں، پیپلزپارٹی ،کسانوں، طلبا اور عوام کی بات کرتی ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نے مزید کہا کہ ایک طرف میاں صاحب اور ان کے راون ہیں ،تھر کے لوگوں کو پتا ہے آپ کچھ نہیں کریں گے، جب الیکشن ہوتے ہیں توایک پوسٹر پربلا اور شیر اکٹھے ہوتے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف یہ سب اکٹھے ہوجاتے ہیں، پیپلزپارٹی غریبوں، ہاریوں کی بات کرتی ہے اس لیے سب اکٹھے ہوجاتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ سب غریب دشمن ہیں اور انہیں اپناغلام بناکر رکھنا چاہتے ہیں، سیاستدان دیوالی منانے سندھ آئے ہیں، ہم سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔