نیوی کے غوطہ خور اور ریسکیو اہلکار تلاش میں مصروف ، معصوم بچے کا بدقسمت باپ بھی تلاش کیلئے گندے نالے میں اتر گیا
کراچی (یس اُردو) کراچی کے علاقے جہانگیر آباد کے نالے میں گر کر لاپتہ ہونے والے بچے کی تلاش تیسرے روز بھی جاری ہے ۔ نیوی کے ماہر غوطہ خور اور ریسکیو عملہ تلاش میں مصروف ہیں ۔ جہانگیر آباد کے علاقے میں گندے نالے میں گزشتہ روز گرنے والے بچے حنان کی تلاش تیسرے روز بھی جاری رہی ۔ شہری حکومت کی مشینری اور ملازمین سمیت پاک بحریہ کے ماہر غوطہ خور ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔ 5 سالہ حنان گزشتہ روز اپنے بھائی کے ہمراہ ندی میں کچرا پھینکنے کے دوران گر گیا تھا ۔ اس کے بھائی باسط کو بچالیا گیا تھا ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق نالے میں مخلتف پائپ گزر رہے ہیں جس کی وجہ سے کچرا جمع ہوتا ہے اور حادثات رونما ہوتے ہیں ۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے لاپتہ حنان کو تلاش کرنے کی بھرپور کوشش جاری ہے ۔ نالے میں جمع کچرے اور تجاوزات کے باعث مشکلات کا سامنا ہے ۔