صوبائی وزیرصنعت و تجارت منظور حسین وسان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کے متعلق پتہ تھا کہ پہلے ان کی منگنی بعد میں شادی ہوگی، شادی ہونے کے بعد یہ پتہ نہیں تھا کہ ان کی طلاق اتنی جلد ہوجائے گی۔
نواب خان وسان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے منظور حسین وسان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات پی ایس پی اور ایم کیو ایم کے تمام دھڑے آپس میں مل کر لڑیں گے۔ منظور وسان کا کہنا تھا کہ عمران خان سندھ میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے لیکن بری طرح شکست کھائیں گےعمران خان وکٹیں گراتے رہیں لیکن پیپلزپارٹی کی کوئی وکٹ نہیں گرے گی۔ منظور وسان نے مزید کہاکہ سیاست کھیل ہے یہ کھیل چلتا رہے گا ابھی ایک کی بیٹھک لگی ہوئی ہے اس کے بعد دوسرے اورتیسرے کی بیٹھک لگے گی۔