اندرون پشاور میں برصغیر کی فلم نگری کے عظیم ستاروں دلیپ کمار اور راج کپور نے اپنے بچپن کے حسین دن گزارے
پشاور (یس اُردو) اندرون پشاور کی گلیوں میں برصغیر کی فلم نگری کے کئی جگمگاتے ستاروں نے اپنا بچپن گزارا ہے ،ان گلیوں میں ابھی بھی وہ مکانات موجود ہیں جہاں دلیپ کمار اور راج کپور جیسے نامور ستاروں کا بچپن گزرا ۔
اندرون پشاور کے علاقے ڈھکی منور شاہ میں ٹوٹی پھوٹی ، اجڑی حالت میں موجود یہ مکان کسی زمانے میں عالیشان چار منزلہ حویلی کی صورت میں تھا ۔ یہاں آنکھ کھولی تھی برصغیر کی فلم نگری کے معروف ستارے راج کپور نے لیکن اب یہ مکان صرف ایک ڈھانچے کی صورت ہی رہ گیا ہے ۔موجودہ مالک مکان نے پلازے کی تعمیر کے لیے تین ماہ قبل اسے گرانے کا کام شروع کیا جسے حکام نے بروقت مداخلت کر کے روک تو دیا پر پھر لوٹ کر اس عمارت کی خیر خبرنہیں لی ۔ حالیہ بارشوں اور زلزلے نے اس کی حالت مزید خستہ کردی ہے ۔ حکومت کی بے حسی عیاں کرتی یہ اجڑی عمارت کسی بھی وقت گر سکتی ہے ۔قریب ہی واقع محلہ خدا داد میں لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی جنم بھومی بھی ہے ۔ گودام کے طور پر استعمال ہونے والا معروف اداکا ر کا آبائی مکان قیمت کا تعین نہ ہونے کے باعث ابھی تک حکومتی تحویل میں لیا ہی نہیں جا سکا ۔ قدرتی آفات سے اس تاریخی مکان کی حالت بھی انتہائی مخدوش ہو چکی ہے ۔صوبائی حکومت کی جانب سے تاریخی مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے گزشہ ماہ اسمبلی میں قانون سازی کی گئی ہے لیکن یہ دونوں قومی ورثے تاحال حکمرانوں کی توجہ حاصل نہیں کر سکے ۔