لیثر لیگز کی ڈپلومیٹک انکلیو لیگ ساتویں مرحلے میں داخل، کھیلوں کے ذریعے محبتیں اور امن بانٹ رہے ہیں، شاہزیب ٹرنک والا
اسلام آباد ( اصغر علی مبارک) لیثر ڈپلومیٹک انکلیو لیگ ساتویں مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جبکہ مختلف سفارت خانوں کے مابین چار میچز بھی کھیلے گئے ،پہلا میچ برازیل اور سعودی ایمبیسی کی ٹیم بی کے درمیان کھیلا گیا جو کہ سعودی ایمبیسی کی ٹیم بی نے 3-1 سے جیت لیا ،دوسرا میچ روس اور جاپان کے سفارت خانوں کے مابین ہواجس میں روس ایمبیسی کے 4 گول کے مقابلے میں جاپان ایمبیسی صرف 1 ہی گول کر پائی، تیسرا میچ یورپ اور جرمن ایمبیسی کے مابین کھیلا گیا جس میں یورپ نے 2 گول کئے جبکہ جرمن ایمبیسی کوئی گول نہ کر سکی
چوتھا اور آخری میچ ناردرن لائٹس اور سعودی ایمبیسی کی ٹیم اے کے مابین ہوا جس میں سعودی ایمبیسی کی ٹیم یے کے 3گول کے مقابلے میں ناردرن لائٹس صرف 1 ہی گول کر پائی ۔مزید تفصیلات کے مطابق ساتویں مرحلے کا باقاعدہ آغاز حقوق خواتین کے لئے کوشاں معروف سوشل ورکر منیبہ مزاری نے فٹ بال کو ہوا میں اچھال کرکیا جبکہ اس موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں لیثر لیگز کے صدر شاہزیب محمود ٹرنک والا نے کہا کہ لیثر ڈپلومیٹک انکلیو لیگ کا مقصد دنیا بھر سے آئے سفارتکاوں کو پاکستان کا مثبت چہرہ دکھانا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے ذریعے محبتیں اور امن بانٹ رہے ہیں جلد ہی دنیا بھر کے معروف فٹ بالرز پاکستان آئیں گے اور بین الاقوامی کھیلوں کا آغاز ہوگا۔